193

مقبوضہ کشمیر،خود کش کاربم دھماکا،44 بھارتی فوجی ہلا ک،متعدد زخمی

Spread the love

سرینگر(جے ٹی این آن لائن ) مقبوضہ کشمیر میں خود کش کار بم دھماکے میں 44بھارتی فوجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کوسرینگر جموں ہائی وے پر ہونےوالے کار بم دھماکے میں بھارتی فوجیوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا،دھماکے میں بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی، ساتھ موجود پانچ مزید گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی اہل کار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اورعلاقے کو حصار میں لے لیا۔

بھارتی حکام کے مطابق ضلع پلوامہ کے علاقے آونتی پورہ میں خود کش حملہ بارود سے بھری کار کے ذریعے کیا گیا جس میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 44 ہوگئی ہے۔

آئی جی سی آر پی ایف ذوالفقارحسن کا کہنا ہے 70گاڑیوں پر مشتمل قافلے کو نشانہ بنایا گیا جس میں 2گاڑیاں دھماکے کی زد میں آئیں، قافلے میں مجموعی طور پر 2500اہلکار شامل تھے۔

بھارتی حکام کے مطابق متعدد اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ دھماکے کے بعد ضلع پلوامہ میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

یاد رہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ظلم و ستم کا بازار گر م کر رکھا ہے۔ بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کی آزادی سلب کرنے کے در پے اور ان کے جدوجہد کو دبانے کےلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔