87

راجن پور پولیس وین پر دہشتگرد حملہ، دواہلکاروں سمیت پانچ افراد شہید

Spread the love

راجن پور(جتن آن لائن نامہ نگار ) کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کے پولیس وین پر حملے میں دو پولیس ملازمین سمیت پانچ افراد شہید ہو گئے، پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا-

یہ بھی پڑھیں : لورالائی میں دہشتگرد حملہ 10 شہید،21 زخمی

ہمارے نامہ نگار کے مطابق راجن پور کے علاقے ٹرائیبل ایریا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر ان کی گرفتاری کے لیے جانے والی پولیس ٹیم کی وین پر گھات لگائے دہشت گردوں نے اچانک حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں اے ایس آئی اور ہیڈ کانسٹیبل سمیت پانچ افراد شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والوں میں ثقلین شاہ اے ایس آئی۔ علمدار شاہ ہیڈ کانسٹیبل اور حساس ادارے کے تین اہلکار شامل ہیں۔

شہدا کے جسد خاکی ڈسٹرکٹ ہسپتال راجن پور منتقل

تمام شہدا کے جسد خاکی کو ڈسٹرکٹ ہسپتال راجن پور منتقل کردیا گیا ہے جہاں قانونی کارروائی کرکے تمام شہدا کے جسد خاکی کو دونوں قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے اعزارات کےساتھ آبائی علاقوں کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد روانہ کیا جائیگا۔ جائے وقوع اور تمام علاقے کو پولیس نے سیل کر دیا ہے۔ ذرائع دہشت گردوں کا تعلق بی آر اے سے شبہ کر رہے ہیں۔

بزدلانہ حملے ہمارے جذبہ و عزم متزلزل نہیں کر سکتے، راجن پور پولیس حکام

مقامی پولیس حکام کا کہنا ہے دہشتگرد ایسے بزدلانہ حملوں سے ہمارے جذبہ و عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، پولیس کے افسر و جوان وطن عزیز اور اس کے عوام کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے- دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے-