Madina Munwara, Sharine Of Prophet Muhammad SAWW beautiful View. 45

بعد از خدا بزرگ توئی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم قصہ مختصر

Spread the love

(تحریر:اجمل بھٹی) بعد از خدا بزرگ

نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ بعثت سے لیکر وصال تک جامعیت و اکملیت کا اعلیٰ نمونہ ہے- زندگی کا ہر پہلو چاہے سیاسی ہو یا سماجی، معاشی ہو یا معاشرتی- تعلیمی ہو یا ثقافتی۔ حرب و ضرب ہو یا امن عامہ- داخلہ امور ہوں یا خارجہ، عدالتی معاملات ہوں یا انتظامی اموریا پھر خانگی معاملات- آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شخصیت علم و عمل کی آئینہ دار، بینظیرو بیمثال ہے۔ گفتاروکردار میں مماثلت اور عادات واطوار میں کمال آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ایسے اوصاف حمیدہ ہیں- اعتراف مشرکین مکہ بھی کیا کرتے تھے-

سرکار دو عالم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ کا بغور جائزہ لیا جائے تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بحیثیت معلم، مبلغ، مفکر، مدبر، دانشور- بحیثیت مصلح، سپہ سالار، فاتح و حکمران- ایک قانون دان، منصف، آقا، شجاع، تاجر و سخی- راہبر، بیٹا، خاوند، باپ الغرض ہر لحاظ سے قرآن مجید کی عملی تفسیر نظر آتے ہیں- غریبوں کی مدد کرنیوالے- یتیموں پر دست شفقت فرمانے والے- بیواؤں کی غمخواری کرنیوالے- پڑوسیوں کا خیال رکھنے والے- دشمنوں سے حسنِ سلوک کیساتھ پیش آنیوالے- جودو سخا کا یہ عالم کہ درِ اقدس سے کوئی بھی خالی نہیں جاتا۔ لطف و کرم ایسا کہ بد ترین دشمنوں کو بھی معافی مل جاتی ہے- انسان تو انسان چرند پرند بھی رحمت اللعالمین کے سایہ رحمت میں جگہ پاتے ہیں۔ بعد از خدا بزرگ

ہر کہ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سامان اوست
بحر و بر در گوشئہ دامان اوست

ٰسرورِ انبیاء، احمدِ مجتبیٰ، محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رفعت و عظمت اور توقیر و ثروت کا شمار کیا ہو- جس کا مدح سِرا ربِ کائنات ہے- اللہ تبارک و تعالیٰ ملائک کی ہمراہی میں اپنے حبیب پر درود و سلام کے تحفے نچھاور کرتا ہے- کہیں ” ورفعنا لک ذکرک” فرما کر اپنے محبوب کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذکر کو بلند و برتر کرتا ہے- کہیں ” ولسوف یعطیک ربک فترضی” فرما کر اپنی عطائے خاص سے والی کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو نوازتا- اسے راضی کرتا ہے، اور کہیں “من یطع الرسول فقد اطاع اللہ” فرما کر رسول کی فرمانبرداری کو اپنی اطاعت- اور کہیں” قل ان کنتم تحبون اللہ فا تبعونی یحببکم اللہ” فرما کر ربِ ذوالجلال شاہ ِ بطحا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اتباع کو اپنی محبت کا وسیلہ قرار دیتا ہے۔ بعد از خدا بزرگ

جو کرنی ہے جہانگیری تو محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی کر
عرب کا تاج سر پہ رکھ خداوندِ عجم ہو جا

سرورِ عالم، امام الانبیائ، سرکارِ دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کِس کِس ادا کو بیان کریں- آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ کے کِس کِس گوشے سے پردہ اُٹھائیں- انہی کی خاطر تو بزمِ جہاں کو آراستہ کیا گیا- کون ومکاں میں میلہ سجایا گیا- لوح وقلم، کرسی و عرش، ارض و فلک- جن وملائک، شجر و حجر اورثمر و بشر کو وجود بخشا گیا- جو باعثِ تخلیق کائنات ہے جو وجہ” عرفان ذات” ہے- بلا شبہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عالمین کیلئے سراپا رحمت ہیں- آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ تمام انسانوں کیلئے بہترین نمونہ ہے۔

شان مصطفیٰ لکھنا بحیثیت انسان ناممکن

شانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک ایسا مو ضوع ہے- جس پر لکھنے کیلئے کائنات میں موجود درختوں کو کاٹ کر قلمیں بنالی جائیں- تمام سمندروں کا پانی سیاہی بن جائے- تب بھی ذکر مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ایک پہلو مکمل نہ ہو گا- ثنائے محبو ب کِبریا ایک ایسا وصف ہے جس کو بھی مل جائے اسکا مقدر جاگ اُٹھتا ہے- خاکی زبان کو یارا نہیں کہ وہ صاحب ِلولاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صفات و کمالات کا اظہا ر کرسکے- نہ ہی قلم میں اتنی طاقت کہ وہ شانِ شاہِ اُمم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا احاطہ کرسکے- بس یہی کہنا مناسب ہو گا۔

یاصا حب الجمال و یا سیّد البشر
من وجہک المنیرلقد نور القمر
لا یمکن الثناءکما کان حقہ
بعد از خدا بزرگ توئی قصہ مختصر

Ajmal Bhatti Free Lancer Senior Journalist of Wahh Cantt Pakistan.محترم اجمل بھٹی صاحب فری لانسر جرنلسٹ ہیں- کافی عرصہ سے میدان صحافت میں خدمات انجام دے رہے ہیں- انٹرنیشنل سلامک یونیورسی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں- اسلامی ، معاشرتی، سماجی اور دفاعی موضوعات پر ان کے قلم کو رب تعالیٰ نے کمال مہارت سے نوازا ہے-

نوٹ: آپ لکھیں ہم شائع و وائرل کریں گے

جرنل ٹیلی نیٹ ورک کیلئے لکھنے کے خواہشمند خواتین و حضرات، طلبہ اپنی تحریر Artical,feature,blog for JTNONLINE کے Subject کیساتھ tanvirbabar@gmail.com پر بھیج سکتے ہیں- آرٹیکل ، فیچر زیادہ سے زیادہ 1200 الفاظ جبکہ بلاگ 900 الفاظ پر مشتمل ہوں- اپنی تحریر کےساتھ اپنا تعارف اور تصویر بھی ارسال کرنا مت بھولیں- شکریہ
انتظامیہ جرنل ٹیلی نیٹ ورک