36

امریکہ کا افغانستان میں اپنے فوجیوں کی تعداد کم کرنے کا عندیہ

Spread the love

کابل،واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک ) خصوصی مشن پراچانک افغانستان کے دورے

پر آئے پینٹا گون چیف امریکی وزیر دفاع مارک ایسپرنے وفد کے ہمراہ صدر

اشرف غنی سے ملاقات کی ،اس موقع پر انکا کہنا تھا افغانستان میں فوجیوں کی

تعداد کم کرکے 8ہزار کی جاسکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکی وفد نے

وزیردفاع ایسپرکی قیادت میں افغان صدرسے کابل میں ملاقات کی جس میں

امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی بھی شامل تھیں، امریکی وفد نے

افغان صدراشرف غنی سے افغانستان اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان افغان وزارت دفاع فواد امان کے مطابق مارک ایسپرنے اپنے خصوصی

مشن میں اہم افغان لیڈروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ،جبکہ انہیں

امریکی فوج کی آپریشنل سرگرمیوں کے بارے میں بریف کیاجائیگا، تاہم کابل میں

امریکی فورسز کے ہیڈ کوارٹرز نے پینٹاگون چیف مارک ایسپر کے دورے سے

متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا۔خیال رہے رواں برس جولائی میں پینٹاگون کی

سربراہی سنبھالنے کے بعد امریکی و ز یر دفاع کا یہ پہلا دورہ افغانستان ہے ،

مارک ایسپر ایسے وقت میں دورہ افغانستان پر آئے ہیں جب خطے بالخصوص

افغانستان میں قیام امن کیلئے کیے جانیوالے مذاکرات جمود کا شکار ہیں۔واضح

رہے اگر فریقین کے درمیان مذاکرات بحال ہونے کے بعد امن معاہدہ طے پاجاتا

ہے تو اس کے تحت افغانستان سے امریکی فوج کا بتدریج انخلا ہوگا لیکن اس کے

بدلے میں طالبان بھی سلامتی سے متعلق بعض یقین دہانیاں کرائیں گے۔