68

آج کا دن کیسا گذرے گا

Spread the love

برج حمل ، سیارہ مریخ 21مارچ سے 20اپریل
صبر سے کام لیں حالات اتنے خراب نہیں ہیں، جتنے آپ سمجھ رہے ہیں، سب کچھ بہتر ہو رہا ہے۔اب تیزی سے حالات آپ کے حق میں ہوتے چلے جائیں گے۔ مسائل کیسے ہی کیوں نہ ہوں، آپ کو ہر صورت میں ریلیف ملے گا۔ قانونی معاملات میں جکڑے ہوئے لوگ ضرور سکون حاصل کر سکیں گے۔ سرکاری ملازمین کے لئے آنے والے دن خوشخبریاں لا رہے ہیں۔ ترقی اور من پسند جگہ تبادلے کا امکان ہے۔ بے روزگار افراد کو روزگار ملے گا۔

برج ثور، سیارہ ذہرہ، 21اپریل سے 20مئی
کسی قسم کی جلد بازی کی ضرورت نہیں، مشکل دن گزر گئے ہیں۔ اب جلد ہی تمام حالات آپ کے کنٹرول میں ہوں گے اور آپ کو پریشانیوں اور مشکلات سے نجات مل جائے گی۔ غیبی امداد بھی ملتی دکھائی دے رہی ہے، جس شخص کی وجہ سے پریشان تھے، وہ خود بخود ہی راستے سے ہٹ جائے گا۔ آپ کھل کر میدان میں اتر سکتے ہیں۔ رُکے ہوئے راستے بھی کھلتے دکھائی دے رہے ہیں۔ تعلیم کی غرض سے بیرون ملک جانے والے تیاری کرلیں، اچھا وقت آ رہا ہے۔

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21مئی سے 20جون
ایک مقام پر کھڑے بھی ہو جائیں ، کیوں بے چین ہو رہے ہیں، اُلٹی سیدھی حرکتوں کی وجہ سے آپ کو نقصان ہو رہا ہے۔ آنے والے دن آپ کو مکمل پلاننگ کے ساتھ چلنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔ اگر اس بار لاپرواہی کا مظاہرہ کیا گیا تو سخت نقصان ہو گا اور خاص طور پر اپنے دل کے معاملات کو قابو میں رکھیں ورنہ آنے والے دنوں میں آپ کی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے جو آپ چاہ رہے ہیں وہ ممکن نہیں۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21جون سے 20جولائی
مشکل دن ضرور ہیں مگر وقت ہمیشہ ایسا نہیں رہے گا۔ آپ کو چند روز صبر سے کام لینا ہو گا جہاں آپ موجود ہیں، یہی جگہ باعثِ برکت بن جائے گی۔ صرف رجوع الٰہی پر توجہ دیں۔ فالتو وقت گھر پر گزاریں جو چیز آپ کے نصیب میں لکھی ہے وہ مل کر رہے گی۔ ایسے غیبی امداد ملے گی کہ بے ساختہ شکر ادا کریں گے۔ ایک راستہ بس سمجھ لیں کہ سامنے آ گیا ہے اور اس کے اسباب بھی تیزی سے بنتے چلے جائیں گے۔ اس کا اندازہ آج سے ہی ہوگا۔

برج اسد، سیارہ شمس،21جولائی سے 21اگست
عشق و محبت جیسی باتوں سے دور رہیں۔ رسوائی والا خانہ کھلا ہوا ہے۔ اس بات کا اندیشہ بھی ہے کہ بلاوجہ ہی رسوائی نہ مل جائے۔ محتاط رہیں۔ ترقی کے امکانات روشن ہیں، خواہشمند افراد کو روزگار ملے گا۔ جہاں رقم بلاک ہوگئی تھی، اس کی واپسی ممکن نہیں ہوگی۔ غیر متوقع طورپر رقم ملے گی۔ ایک دوست بھی مددگار ثابت ہو گا۔ قانونی معاملات التواء کا شکار ہوں گے،جن افراد کو عدالتی امور کا سامنا ہے وہ چند دنوں کی تاریخیں آگے بڑھا لیں بہتر رہے گا۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد،22اگست سے 22ستمبر
بڑی مشکل سے بندش کا خاتمہ ہوا ہے۔ اب حالات تیزی سے آپ کے حق میں بہتر ہوتے چلے جائیں گے۔ خاص طور پر مالی امور میں زبردست تبدیلی اور بہتری آئے گی۔ایک بڑی رکاوٹ دور ہو گی۔ جو لوگ پس پردہ مخالفت اور وار کر رہے ہیں خود ہی بھاگ جائیں گے۔ گھریلو ماحول تیزی سے بہتر ہو گا اگر اب بھی بندش محسوس ہو رہی ہے تو سورۃ الناس پڑھ کر پانی پر دم کرکے گھر کی دیواروں پر اس کا چھڑکائو کریں اور حسب توفیق صدقہ کریں۔

برج میزان ، سیارہ زہرہ،23ستمبر سے 22اکتوبر
لگتا ہے کسی جکڑن کا شکار ہیں۔ اپنی تسلی کے لئے استخارے کا سہارا لیں تاکہ رکاوٹوں کی اصل حقیقت معلوم ہو سکے اور اس کے مطابق قدم اٹھایا جائے۔ ویسے ان حالات میں آپ حسب توفیق صدقے کا عمل جاری رکھیں جو بھی کام کر رہے ہیں اس پر گہری نظر رکھیں۔ کسی بھی غیر قانونی کام میں ہاتھ مت ڈالیں۔ خاص طور پر دوسروں کے معاملات سے دور رہیں۔ اپنی حفاظت خود کریں اور محتاط رہیں، ضروری ہے۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ،23اکتوبر سے 22نومبر
جیسے حالات کا آپ کوسامنے ہے ایسے میں خاموشی ہی بہتر ہے، کوشش کریں کہ صرف اپنے کام سے ہی کام رکھا جائے۔ اولاد پر خصوصی نظر رکھیں اور ان کی آزادی کو بھی چیک کرتے رہیں۔ جو کام آپ کر رہے ہیں۔ اس کی تبدیلی کے بارے میں مت سوچیں۔ ان شاء اللہ کچھ عرصے میں اسی کام میں بہتری آئے گی۔ مشکلات ختم ہونا شروع ہو جائیں گی۔ اب پرانے تعلقات کے استعمال کا وقت بھی آ گیا ہے، ہو سکے تو ضرور استعمال کریں۔ اس سے فائدہ ہو گا۔

برج قوس ، سیارہ مشتری،23نومبر سے 20دسمبر
اپنی موجودہ پوزیشن مت بدلیں۔ کچھ دنوں کی بات ہے اسی میں حیران کن بہتری ہو گی۔ جلد بازی کریں گے تو بجائے فائدے کے نقصان ہو گا ،جن امور میں دشواریاں ہو رہی ہیں۔ بحکم خدا یہ عارضی ثابت ہوں گی۔ کامیابیاں دلانے والا ستارہ مشتری براہ راست آپ کے گھر میں اثرات ڈال رہا ہے۔ وہ کام بھی ممکن ہوں گے، جن کے بارے میں صرف سوچا ہی جا سکتا تھا، اللہ تعالیٰ پر کامل یقین رکھیں اور نیت بھی درست کریں۔ دوستوں سے قدرے دور رہیں تو بہتر ہے۔

برج جدی ، سیارہ زحل،21دسمبر سے 19جنوری
جہاں اتنے مشکل وقت سے نکل گئے ہیں۔ وہاں چند دن اور صبر سے کام لیں تو ضرور کامیاب ہوں گے۔ وقت پوری طرح سے آپ کا ساتھ دے رہا ہے۔ان شاء اللہ حالات آپ کے حق میں بہتر ہوں گے۔ تبدیلی کا وقت بھی شروع ہو گیا ہے۔ چند دنوں میں اچھی خبر ملے گی اور من پسند جگہ جانے کی خواہش بھی پوری ہو گی۔ آپ شکر ادا کریں۔ دشمن بھی خود بخود پیچھے ہٹ گیا ہے اور بڑی رقم کا حصول بھی ممکن ہو گا۔

برج دلو ، سیارہ زحل،20جنوری سے 18فروری
ایک بار پھر سوچ لیں جو آپ کر رہے ہیں،وہ مناسب ہے بھی کہ نہیں۔ آپ کو اپنا قبلہ درست کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ موجودہ وقت آپ کو بار بار توجہ سے کام کرنے اور صحیح قدم اٹھانے کا مشورہ دے رہا ہے۔ حالات اپنے حق میں کرنے کے لئے دماغ سے ہر قسم کا فتور نکال دیں، جو بھی قدم اٹھانا چاہتے ہیں۔ اس کے لئے استخارے کا سہارا لے لیں تو زیادہ مناسب ہو گا۔ وقت تھوڑا سا آزمائشی ہے، صدقہ و خیرات کی طرف توجہ ضروری ہے۔

برج حوت ، سیارہ مشتری،19فروری سے 20مارچ
بیماری اور پریشانی کے لئے فوری طور پر صدقہ دیں ، ہو سکے تو 70مرتبہ سورۃ فاتحہ پڑھ کر اس کا پانی خود بھی پئیں اور گھر والوں کو بھی پلائیں۔ یاد رکھیں کہ آپ بندش اور بدنظری دونوں کی جکڑن میں آ گئے ہیں۔ اس عمل سے ان شاء اللہ نجات ملے گی۔ فوری طور پر اپنی پوزیشن تبدیل مت کریں۔ یہ آپ کے لئے نقصان دہ ہو گا۔ چند دن خاموش رہیں، زحل بھی حرکت میں ہے، چند دنوں کے بعد یہ زائچے میں سے نکل جائے گا پھر جو دل میں آئے ،کریں۔