125

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 تا 12 روپے تک اضافے کا خدشہ

Spread the love

اسلام آباد،سنگاپورسٹی،ریاض(جے ٹی این آن لائن سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ)

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے پاکستان پربھی اثرات، پٹرولیم

مصنوعات کی قیمتوں میں 10 سے 12 روپے اضافے کا خدشہ ہے جسکے

باعث پاکستان کے امپورٹ بل میں 80 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہو جائے گا جبکہ

تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھ جائے گی۔

سعودی تنصیبات پر حملہ،عالمی منڈی میں

خام تیل کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ

تفصیلات اس کی کچھ یوں ہیں کہ سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر ڈرون

حملوں اور تیل کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے عالمی منڈی میں خام تیل کی

قیمتوں میں 19.5 فیصد تک کا ریکارڈ اضافہ ہوگیا ہے۔ جس سے دنیا بھر میں

پٹرولیم مصنوعات بھی مہنگی ہو جائینگی-

ملکی اور عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق 1990-91 کی خلیجی جنگ کے بعد

ایک دن میں تیل کی قیمت میں یہ سب سے زیادہ اضافہ ہے۔ چند روز قبل سعودی

عرب میں موجود سب سے بڑی عالمی آئل کمپنی آرامکو (سعودی امریکی آئل

کمپنی) کی ابقیق اور خریص میں تیل کی تنصیبات کو یمن میں سعودی عرب اس

کے اتحادیوں اور حوثی قبائلی جنگجوئوں کے مابین جاری لڑائی کی پاداش میں

حوثی جنگجوئوں نے ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا جس کی وہ ذمہ داری بھی قبول

کر چکے ہیں-

حملے کے بعد سعودی کمپنی آرامکو کا کہنا تھا تیل کی پیداوار میں کمی کی وجہ

سے دنیا بھر میں تیل کی فراہمی میں 57 لاکھ بیرل یومیہ یا 5 فیصد تک متاثر ہو

سکتی ہے۔ گزشتہ روز ماہرین نے عندیہ دیا تھا کہ اس مقدار میں تیل کی پیداوار

میں کمی کی وجہ سے طلب اور رسد میں فرق پیدا ہوجائے گا جو مجموعی طور

پر تیل کی قیمتوں پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

خام تیل کے بینچ مارک میں 19.5 فیصد تک اضافہ ہوگیاہے۔ مذکورہ حملے سے

قبل خام تیل کی قیمت 66.20 ڈالر فی بیرل تھی تاہم اس میں 5.98 ڈالر فی بیرل

اضافہ ہوگیا جسکی وجہ سے عالمی منڈی میں اس کی نئی قیمت 71.95 ڈالر فی

بیرل تک پہنچ گئی۔

امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کے مطابق خام تیل کی قیمت میں

15.5 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جو 22 جون 1998 کے بعد ایک دن

میں ہونے والا یہ سب سے بڑا اضافہ ہے۔ سعودی عرب دنیا میں سب سے زیادہ

تیل برآمد کرنیوالا ملک ہے اور ان حملوں کی وجہ سے اسکی برآمدات بھی متاثر

ہوئی ہیں-

سعودی عرب کو تیل کی پیداوار کی مکمل صلاحیت

حاصل کرنے میں دن نہیں بلکہ ہفتے لگیں گے، ذرائع

ریاض نے بحالی سے متعلق کوئی حتمی تاریخ نہیں دی لیکن ذرائع نے بتایا کہ

سعودی عرب کو اپنی تیل کی پیداوار کی مکمل صلاحیت حاصل کرنے میں دن

نہیں بلکہ ہفتے لگیں گے۔

سنگاپور کے ایک مارکیٹ تجزیہ نگار مارگریٹ ینگ کا کہنا تھا سعودی عرب

اور امریکہ اس صورتحال سے کس طرح نکلیں گے پوری دنیا کی نگاہیں اسی

پر مرکوز ہیں، اگر تیل کی قیمتوں میں اضافہ برقرار رہا تو تیل پر انحصار کرنے

والے ایشیائی صنعتی ممالک چین، جاپان، بھارت، جنوبی کوریا اور فلپائن اس سے

متاثر ہونا شروع ہوجائیں گے جبکہ دیگر ممالک کی معیشتوں پر بھی اس کے منفی

اثرات مرتب ہونگے۔

پٹرولیم مصنوعات