94

عید الفطر، 30 لاکھ پاکستانیوں نے 54 ارب کے نئے کرنسی نوٹ لے لئے، بلیک میں فروخت بھی جا ری

Spread the love

کراچی (جے ٹی این آن لائن اکنامک نیوز رپورٹر)

عیدالفطر کی مناسبت سے امسال عوام کی جانب سے بڑے پیمانے پر ایس ایم ایس کے ذریعے بکنگ کرائے جانے کی وجہ سے نئے کرنسی نوٹ حاصل کر نے کی سہولت چند روز میں ہی اپنی گنجائش پوری کرنے کی وجہ سے بند کردی گئی۔سٹیٹ بینک کا کہنا ہے مجموعی طور پر 30 لاکھ سے زائد شہریوں نے سہولت سے فائدہ اٹھایا اور مجموعی طورپر 54 ارب روپے سے زائد مالیت کے کرنسی نوٹ جاری کیے گئے، نئے کرنسی نوٹ مانیٹرنگ کا موثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے بلیک مارکیٹ میں فروخت کئے جا رہے ہیں، کراچی میں 100 کے لگ بھگ سٹالوں پر نئے کرنسی نوٹ فروخت کئے جارہے ہیں۔ ادھر کرنسی ڈیلروں کا کہنا ہے زیادہ تر کرنسی نوٹ سٹیٹ بینک کا عملہ فراہم کرتا ہے، جنہیں تنخوائیں نئے کرنسی نوٹوں کی شکل میں جاری کی جاتی ہیں جو زیادہ تر بلیک مارکیٹ میں اضافی رقم کے عوض فروخت کردی جاتی ہیں،امسال بھی عید کے موقع پر نئے کرنسی نوٹوں کی وافر مالیت بازار میں فروخت کی جارہی ہے۔ بڑے پیمانے پر نئے کرنسی نوٹ مارکیٹ میں آنے سے بلیک مارکیٹ کا ریٹ گر گیا،10 روپے مالیت کی گڈی 100 روپے، 20 روپے مالیت کی گڈی 150 روپے جبکہ 50 اور 100 روپے مالیت کے کرنسی نوٹوں کی گڈی 200 سے 250 روپے اضافی قیمت پر فروخت کی جارہی ہے، گزشتہ سا ل کے مقابلے میں نئی کرنسی 100 سے 150روپے کم قیمت پر فروخت ہورہی ہے۔ ڈیلرز کا کہنا ہے مارکیٹ میں نئے کرنسی نوٹوں کا کاروبار 20 سے 30 روپے فی گڈی کمیشن پر کیا جاتا ہے اصل فائدہ وہ سرکاری ملازمین اور عملہ اٹھارہے ہیں جو بلیک مارکیٹ میں لاکھوں روپے مالیت کے کرنسی نوٹ فروخت کررہے ہیں۔