33

اپوزیشن نے غیر فطری اتحاد کی داغ بیل کرپشن کے ’’ داغ‘‘چھپانے کیلئے ڈالی،عثمان بزدار

Spread the love

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ اپوزیشن

جماعتوں کا گٹھ جوڑ صرف ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے ہے،غیر فطری اتحاد کی

داغ بیل اپوزیشن رہنمائوں نے اپنے کرپشن کے ’’ داغ‘‘چھپانے کیلئے ڈالی ہے،

ماضی میں قومی وسائل بے دردی سے لوٹنے والوں کے چہرے قوم کے سامنے

آشکارہو چکے ہیں، اپوزیشن اتحاد جس عجلت میں بنا ، اتنی ہی تیزی سے یہ اپنے

منطقی انجام کو پہنچے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم کی معاون

خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے ملاقات میں

کیا ،اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور ، سیاسی معاملات اور میڈیا کو واجبات

کی ادائیگی پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے گفتگو

کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے موثراقدامات کر

رہی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے رمضان بازاروں میں عام آدمی کو ریلیف

دینے کے بہترین انتظامات پر پنجاب حکومت کو خراج تحسین پیش کیا۔

بعدازاںوزیراعلیٰ پنجاب سے مختلف مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے

علمائے کرام نے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ نے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے

حوالے سے علمائے کرام سے بھرپور تعاون کی اپیل کی جبکہ علماء کرام نے

انسداد پولیو مہم میں بھرپور تعاون کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پولیو کے خاتمے

کیلئے مستقل بنیادوں پر موثر انداز میں کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔علمائے

کرام نے کہا کہ قومی فرض کی ادائیگی میں حکومت کے ساتھ ہیںاورہم انسداد پولیو

مہم کو کامیاب بنانے کیلئے حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔اس

موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ علمائے کرام کے دیگر ایشوز بھی حل کئے

جائیں گے اور اس حوالے سے عیدالفطر کے بعد علمائے کرام سے تفصیلی ملاقات

کروں گا۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں مولانا طاہرمحمود اشرفی،مولانا

عبدالخبیر آزاد، ڈاکٹر محمد حسین اکبر، حافظ زبیر احمد ظہیر، مفتی راغب

نعیمی،مولانا غلام محمد سیالوی، مفتی محمد رمضان سیالوی، مولانا غلام مصطفی

رضوی، مولانا ضیاء الحق نقشبندی، مولانا بدرالزمان قادری، مولانا احمد رضا

سیالوی، ڈاکٹر محمد سعد صدیقی، مفتی محمد اسحاق ساقی الازہری،مولانا غلام

مصطفی ثاقب، ،مولانا شفیق احمد پسروری، مولانا محمد خالد،حافظ کاظم رضا

نقوی اور دیگر علماء کرام شامل تھے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار

سے اقلیتی طلبا و طالبات نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے 18 اقلیتی طلبا و طالبات

میں مجموعی طور پر8 لاکھ 25 ہزار روپے مالیت کے سکالرشپ کے چیک تقسیم

کئے۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ

پنجاب حکومت 879اقلیتی طلبا و طالبات میں مجموعی طور پر اڑھائی کروڑ

روپے کے سکالرشپ تقسیم کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply