SNOWY SCENERY 98

ریکارڈ برفباری،بلوچستان کا ملک سے رابطہ منقطع، 10افراد جاں بحق، ایمرجنسی نافذ

Spread the love

کوئٹہ،اسلام آباد(جتن آن لائن بیورورپورٹ، سٹاف رپورٹر) بلوچستان ریکارڈ برفباری

بلوچستان،خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان اور پنجاب بارش برفباری کی لپیٹ میں

کوئٹہ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا- بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور پنجاب کے مختلف علاقے مغرب سے داخل ہونیوالے سسٹم کے باعث بارشوں اور برفباری کی لپیٹ میں آگئے- سندھ میں بارش کا امکان جبکہ بلوچستان میں برفباری کے باعث 7 اضلاع میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی، شہریوں کو بھی غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ مزید پڑھیں

کوئٹہ سمیت شمال مغربی بلوچستان میں ایک فٹ تک برفباری ہو چکی

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت شمال مغربی بلوچستان میں گزشتہ روز سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک ایک فٹ تک برفباری ہوچکی ہے، اسکے علاوہ چمن، زیارت، مستونگ، دشت اور کولپور میں بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، زیارت میں ہفتے کی دوپہر سے اتوار کی صبح تک 2 فٹ سے زائد برفباری ہوچکی ہے۔ گوادر، پنجگور اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ژوب میں برفباری کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 3 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ برفباری کے باعث کوئٹہ کراچی شاہراہ مستونگ کے مقام پر بند ہے جس کی وجہ سے سیکڑوں مسافر پھنس گئے ہیں، کوژک ٹاپ پر شدید برفباری کی وجہ سے کوئٹہ چمن شاہراہ اور کان مہترزئی کے مقام پر کوئٹہ اسلام آباد شاہراہ بند ہوگئی۔ بلوچستان ریکارڈ برفباری

متاثرہ اضلاع میں پاک فوج اورایف سی کے ریسکیو آپریشنز

بلوچستان کے بارش اور برفباری سے متاثرہ اضلاع میں پاک فوج اورایف سی نے ریسکیو آپریشن کا آغاز کردیا- صوبے کے مختلف اضلاع میں عارضی پناہ گاہیں قائم کرتے ہوئے قومی شاہراہوں پر پھنسے مسافروں کو خوراک، پانی اورچائے فراہم کی گئی۔ پاک فوج اور ایف سی بلوچستان نے ضلع کوئٹہ، قلات، مکران اور ژوب ڈویژنز میں ریلیف آپریشن کرتے ہوئے قومی شاہراہوں پر پھنسے مسافروں کو نکالنے کیساتھ ساتھ انہیں خوراک، پانی، چائے اورگرم کپڑے فراہم کئے جبکہ مختلف مقامات پر عارضی پناہ گاہیں بھی قائم کی گئی ہیں جہاں پر مسافروں کو ٹھہرایا گیا- ریلیف آپریشن کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقراررکھنے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے۔

پاک ایران کے سرحدی شہر ماشکیل میں بھی زندگی مفلوج

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا صوبے کے کئی اضلاع میں غیر متوقع طور زیادہ برفباری اور بارشیں ہوئی ہیں- سڑکیں کھلوانے اور عوام کو ہرممکن ریلیف پہنچا نے کیلئے صوبائی حکومت مکمل متحرک ہے- نوکنڈی کے علاقے میں سیلابی ریلے میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے پاک فوج سے مدد حاصل کر لی ہے، پاک ایران کے سرحدی شہر ماشکیل کے گرد و نواح اور دیہاتی علاقوں میں کل رات سے شروع ہونیوالی تیز بارشوں نے تبائی مچا دی ہے جس میں ماشکیل میں لوگوں کے کچے مقانات اور دکانیں گر گئے ہیں جس سے لوگوں کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے- تیز بارشوں سے ماشکیل بازار اور ارد و گرد کے گلی تالاب کا منظر پیش کر رہے ہیں- لوگوں کا پیدل چلنا مشکل ہو گیا ہے- خرید و فروخت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری

پشاور، ہزارہ و مالاکنڈ ڈویژنز، کوہاٹ، اورکزئی اور چترال سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ شانگلہ کے میدانی علاقوں میں بارش پہاڑوں پربرفباری جاری ہے۔ دیرلوئر کے بالائی علاقے شاہی، بن شاہی، لڑم، کلپانی، لواری ٹنل، کمراٹ، عشیرئی درہ میں گزشتہ روز سے اب تک تین فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ بارش اور برفباری کے باعث لوگ اپنے گھروں تک محصور ہوکر رہ گئے ہیں جبکہ بجلی اور گیس کی بندش نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ بلوچستان ریکارڈ برفباری

گلگت بلتستان میں شدید برفباری جاری، زمینی رابطہ منقطع ، لوگ محصور

گلگت بلتستان میں بھی گزشتہ روز سے شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کی وجہ سے بلتستان ڈویژن کے تمام بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ بدستور منقطع ہے- لوگ گھروں میں محصور ہیں جبکہ شدید سردی اور برف باری سے درخت بھی پھٹنے لگے ہیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے شدید برف باری کا سلسلہ 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بارش اور برفباری کا باعث بننے والا سسٹم بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے علاوہ سندھ پر بھی اثر انداز ہے تاہم اس کی شدت انتہائی کم ہے۔ کراچی سمیت مختلف علاقوں میں موسم ابر آلود ہے اور بیشتر علاقوں میں یخ بستہ ہواں کا راج ہے۔

کراچی میں بھی سردی بڑھ گئی، درجہ حرارت 5 تا 7 سینٹی گریڈ

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کراچی میں اتوار کی رات تک ہلکی بارش ہو سکتی ہے تاہم سردی کی شدت میں اصل اضافہ 13 جنوری کے بعد ہوگا،15 اور 17 جنوری کے درمیان راتوں کو درجہ حرارت 5 تا 7 ڈگری تک گر سکتا ہے۔ اس سے قبل 2014 میں جنوری کا مہینہ اس قدر سرد ہوا تھا ، اس وقت بھی کم از کم درجہ حرارت 7 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا تھا۔

وادی لیپہ لمنیاں روڈ پر برفانی تودہ گرگیا، 60 سے زائد مسافر پھنس گئے

آزاد کشمیر کی وادی لیپہ میں لمنیاں روڈ پر برفانی تودہ گرنے سے 10 گھنٹوں تک شدید سردی میں پھنسے 60 سے زائد مسافروں کو پاک فوج نے ریسکیو کر لیا ہے، وادی لیپہ میں برفانی تودہ گرنے سے سڑک بلاک ہو گئی تھی اور 15 سے زائد گاڑیاں پھنس گئی تھیں- ملک میں موسم کی صورتحال کے باعث پی آئی اے کی اسلام آباد اور لاہور سے کوئٹہ، گلگت اور اسکردو جا نیوالی دس پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ترجمان پی آئی اے عبد اللہ خان کے مطابق شدید برف باری کی وجہ سے اسلام آباد اور لاہور سے کوئٹہ اورکوئٹہ سے اسلام آباد جبکہ اسلام آباد سے گلگت اور اسکردو کی دوطرفہ پروازیں بھی ناموزوں موسم اور برفباری کی وجہ سے منسوخ کردی گئیں ہیں۔ کراچی سے کوئٹہ کی پروازں پہلے ہی سے منسوخ کردی گئی ہیں۔

بلوچستان ریکارڈ برفباری

Leave a Reply